بنگلورو،19؍اکتوبر(ایس او نیوز) شہر کے ڈی جے ہلی اور کے جی ہلی علاقے میں 11اگست کی شام ہوئے پُرتشدد واقعات کی جانچ میں لگی نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی ٹیم نے اس فساد کے متعلق ڈی جے ہلی وارڈ کے سابق کارپوریٹر اورشہر کے سابق میئر آر سمپت راج سے پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ اس علاقہ میں تشدد کے ابتدائی جانچ کے مرحلہ میں بنگلورو پولیس کی سنٹرل کرائم برانچ(سی سی بی) نے سمپت راج کو طلب کر کے پوچھ تاچھ کی تھی۔ سمپت راج کے ساتھ ان کے پی اے ارون کمار سے بھی چھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی اور اس کے بعد سی سی بی نے ارون کمار کو تحویل میں لے لیا، اس وقت سے لے کر اب تک ارون پولیس کی تحویل میں ہے۔12اکتوبر کو سی سی بی نے اس معاملہ میں اپنی جانچ کے ایک مرحلہ کو پورا کرتے ہوئے عبوری چارج شیٹ عدالت میں داخل کی اور اس چارج شیٹ میں سمپت راج کو ملزم نمبر 51قرار دیا۔چارج شیٹ میں الزام لگایا گیا کہ سمپت راج، ان کے پی اے ارون کمار اور اس کے ساتھی سنتوش کمار کا تشدد میں ہاتھ تھا۔
چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ سی سی بی کی پوچھ گچھ میں سنتوش کمار نے یہ اعتراف کیا کہ سمپت راج کے کہنے پر ہی تشدد کو بھڑکایا گیا تھا۔ اس نے کہا کہ رکن اسمبلی اکھنڈسرینواس مورتی کا گھر جلادئیے جانے کے بعد سمپت راج ٹو وہیلر پر وہاں پہنچے اور انہوں نے اس وقت کہاتھا کہ سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوا ہے۔ دو دن بعد جب پولیس نے مشتبہ ملزمین کو گرفتار کرنے کا سلسلہ شروع کیا تو سمپت راج نے سنتوش سے فون پر بات کی اور اسے طلب کرکے اسے 20ہزا رروپے دئیے اور کہا کہ کچھ دن کے لئے وہ روپوش ہو جائے، لیکن وہ روپوش نہیں ہوا۔ کچھ ہی دنو ں میں پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
اس دوران این آئی اے کے ذرائع نے بتایا کہ سمپت راج چونکہ کووِڈ پازیٹیو ہوجانے کے سبب ہوم کوارنٹائن میں ہیں، اس لئے این آئی اے ان کے صحت یاب ہونے کے انتظار میں ہے۔ صحت یاب ہوتے ہی ان کو طلب کر کے پوچھ گچھ کی جائے گی۔